تہران،31جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایران میں آڈٹ بیورو کے پراسیکیوٹر فیاض شجاعی کا کہنا ہے کہ سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کو ان الزامات کا سامنا ہے کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں اربوں ڈالر کی سرکاری رقم کا غلط استعمال کیا۔ایرانی روزنامے ”اعتماد‘کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ 2009سے 2013کے دوران احمدی نژاد کی دوسری مدت صدارت سے متعلق ایک معاملے میں یہ رقم دو ارب ڈالر سے زیادہ تک پہنچ گئی۔شجاعی کے مطابق الزامات کی فہرست کا اعلان پارلیمنٹ میں کر دیا گیا ہے۔ آڈٹ بیورو ایرانی پارلیمنٹ کے زیر نگرانی کام کرتا ہے۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا احمدی نژاد کے خلاف عدالتی کارروائی سرکاری طور پر ہوگی یا پھر آڈٹ بیورو کی جانب سے الزامات کی بنیاد پر ایرانی پارلیمنٹ اب کوئی اقدام کرے گی۔